سیالکوٹ (روشن پاکستان نیوز)عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آج سیالکوٹ میں طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کی میزبانی میں ہونے والے بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔
نواز شریف کی آمد پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار، ایلیٹ فورس کے جوان اور افسران ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔
’سیالکوٹ باوفا لوگوں کا شہر‘
ن لیگ کے قائد نواز شریف نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ سیالکوٹ والوں! آپ نے دل خوش کردیا ہے، سیالکوٹ باوفا لوگوں کا شہر ہے، سیالکوٹ کا نام پورے برصغیر میں گونجتا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ خواجہ آصف سے گزشتہ 55 سال کا تعلق ہے، خواجہ آصف میرے ساتھ گورنمنٹ کالج لاہور میں تھے،انہوں نے میرے ساتھ گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کیا، یہ بہترین سیاستدان ہی نہیں بہترین انسان بھی ہیں۔
آٹھ فروری کو سیاسی مخالفین کا جلوس نکل جائے گا، شہباز شریف
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ سیالکوٹ کے لوگوں کا جذبہ دیدنی ہے، آج سیالکوٹ والوں نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیا، عوام کا سمندر بتا رہا ہے کہ آٹھ فروری کو شیر آرہا ہے، نواز شریف آٹھ فروری کو چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے، آٹھ فروری کو سیاسی مخالفین کا جلوس نکل جائےگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک سیاسی مہربان جلسوں میں مزدور اور کسان کارڈ نکال کر دکھاتے ہیں، غور سے دیکھیں تو لگتا ہے یہ کوئی فٹ بال میچ کے ریفری ہیں، عوام کا سمندرآٹھ فروری کو ییلو کارڈ دکھا کر ان کو میدان سے باہر کردے گا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ ترقی اور خوشحالی کا سفردوبارہ شروع کرے گی، نواز شریف پہلی بار وزیراعظم بنا تو معیشت ترقی کرنے لگی، بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں نواز شریف نے 6 دھماکے کئے، امریکی صدرنے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے بدلے 5 ارب ڈالر کی آفر کی تھی، نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی آفر ٹھکرا دی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم فراہم کریں گے۔