باجوڑ(روشن پاکستان نیوز)این اے8 باجوڑ میں ضمنی انتخابات میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار مبارک زیب 74 ہزار ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے گل ظفر خان 47 ہزار ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
تفصیلات کے مطابق این اے8 باجوڑ پر غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مبارک زیب کامیاب قرار پائے ہیں اور اس کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے رد عمل سامنے آیا ہے اور پاکستان تحریک انصاف نے مبارک زیب کی جیت کو پارٹی کی جیت قرار دیا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختون خواہ بیرسٹر محمد علی سیف نے ایک بیان میں کہا کہ باجوڑ میں عوام نے ایک بار پھر پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور باجوڑ میں آزاد امیدوار میں بانی پی ٹی آئی کی تصویر اور پی ٹی آئی کے جھنڈے پر کامیابی حاصل کی ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے یہ بھی کہا کہ باجوڑ میں بانی پی ٹی آئی کے بیانئے کی ایک بار پھر جیت ہوئی ہے۔
یادرہے کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے گل ظفر خان کو ٹکٹ جاری کیا گیا تھا تاہم اب نتائج سامنے آنے کے بعدگل ظفر خان دوسرے نمبر پر رہے جبکہ آزاد امیدوار مبارک زیب پہلے نمبر پر ہیں۔
مزیدپڑھیں:چھوٹا چورجیل میں مرجاتاہے ،اربوں چوری کرنے والاوزیراعظم بن جاتا ہے،شاندانہ گلزار
واضح رہے کہ مبارک زیب پاکستان تحریک انصاف کے خلاف الیکشن لڑ رہے تھے اور ٹکٹ نہ ملنے پر مبارک زیب نے علی امین گنڈا پور سمیت پاکستان تحریک انصاف کے سینئر قیادت پر تنقید بھی کی تھی اور ان کے خلاف بیان بھی دیا تھا اور ان کے خلاف شدید تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سینیئر قیادت سے کئی بار ملاقات کی اور ٹکٹ کے لیے ان کو درخواست دی لیکن پھر بھی انہیں ٹکٹ نہیں ملا جس کے بعد آزاد حیثیت سے میں نے الیکشن لڑا اور اللہ نے مجھے کامیابی دی ۔
مبارک زیب نے کہا کہ انہوں نے پارٹی کو کہا تھا کہ وہ صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دے دیں تو میں نیشنل اسمبلی کی دستبردار ہو جائوں گا لیکن تحریک انصاف نے ان کو صوبائی اور قومی اسمبلی دونوں کا ٹکٹ نہیں دیا تھا جس کے بعد انہوں نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا اور اللہ نے کامیابی دی۔











