اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملک بھر میں اوور بلنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دے دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اوور بلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پاکستان بھر میں اوور بلنگ میں ملوث عملے کے خلاف بلا امتیاز ایکشن کا حکم دیا ہے، اوور بلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
تفصیلا ت کے مطابق وزیر داخلہ کی جانب سےایف آئی اے کو ہدایات جاری کرنے پر ایف آئی اے نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی۔ اووربلنگ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سمیت اعلیٰ افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی۔ ہر بجلی تقسیم کار کمپنی کی بلنگ اور بجلی چوری کی مانیٹرنگ ایف آئی اے افسر کرے گا ۔ائیسکو کے لیے افضل خان نیازی کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ۔فیسکو کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر شبیر احمد کو ذمہ داریاں تفویض کردی گئی۔ گیپکو کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر زوار منظور کو ٹاسک سونپ دیا گیا ۔ٹیسکو کے لیے عبدالحی کو ٹاسک فورس کا انچارج بنایا گیا۔ کیسکو کے لیے سعید احمد کو اوور بلنگ کے خلاف ایکشن لینے کی ذمہ داری دی گئی تمام افسران بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز کے ساتھ مشترکہ طور پر کارروائی کریں گے ۔ ایف آئی اے افسران براہ راست وزیر داخلہ کو بجلی چوری اور اوور بلنگ کی رپورٹ پیش کریں گے ۔ایف آئی اے افسران اووربلنگ کرنے والے افسران اور بجلی چوری میں ملوث افسران کے خلاف کاروائی کریں گے۔
مزید پڑھیں: مریم نواز اور محسن نقوی کے درمیان افسران کی تقرری و تعیناتی پر نیا تنازعہ











