اسلام آباد ( سدھیر احمد کیانی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر اپنے پیغام میں اہل اسلام اور تمام ہم وطنوں کو ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا دن ہمیں اتحاد و یگانگت جیسے قرآنی فریضے کی طرف متوجہ کرتا ہے، یہ دن خدا وند کی طرف سے مومنین کے لیے تحفہ ہے، اس سعادت و عظمت بھرے دن تمام کلمہ گو بلا تفریق مسلک و فرقہ خوشیاں مناتے ہیں۔
اس موقع پر اپنے فلسطینی مظلومین کو خصوصی طور پر دعاؤں میں یاد رکھیں، خوشی اور شادمانی کا یہ موقع وحدت و اتحاد ایک عظیم مظہر ہے، عید کے موقع پر حقیقی مبارک باد کے مستحق ہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے اتحاد جیسے عظیم فریضے کے لیے قربانیاں دیں
ہمیں اس اتحاد کو جوش و جذبے اور خلوص و ولولے کے ساتھ قائم رکھنا ہو گا تاکہ ہم اسلامی طبقات میں وحدت پیدا کر کے معاشرے کو مسائل و جرائم سے نجات دلا سکیں، اس روز اگر ہم اپنا محاسبہ کرتے ہوئے اپنے گذشتہ انفرادی اور اجتماعی امور کا جائزہ لے کر کوتاہیوں اور غلطیوں کا اعتراف کریں تو ذاتی اور معاشرتی اصلاح کا فریضہ انجام دیتے ہوئے ارد گرد کے ماحول کو جنت بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کی حاجت روائی اور داد رسی کرنا افضل ترین عبادت ہے، دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹیں لانے کا بہترین ذریعہ ہے، ثروت مند افراد کو چاہیے کہ فطرانے اور زکوٰۃ سے مستحق افراد کی مدد کر کے خوشنودی خدا کے مستحق ٹھہریں، شہدائے اسلام و ملک وملت کے خانوادوں کو کبھی فراموش نہ کریں، ہم صحیح معنوں میں تب ہی عید منانے کے حقدار اور سزاوار ہوں گے، جب معاشرے میں جرائم، برائیاں اور مشکلات کا خاتمہ ہو گا، عید کے موقع پر برائیوں اور منکرات سے بچنا بھی بہت ضروری ہے، مظلومین جہاں فلسطین و کشمیر کی حمایت کا عزم و اعادہ اشد ضروری ہے تاکہ پسے ہوئے طبقات کو ان کے حقوق مل جائیں اور معاشرے میں عادلانہ نظام، اسلامی روایات اور امن و امان قائم ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ احترام انسانیت اور انسانی ہمدردی کا تقاضا ہے کہ خوشی و مسرت کے جائز ذرائع سے مستفید ہو کر ایسا انداز اپنایا جائے جس سے محروم، پسماندہ، مفلس ونادار اور پریشان حال بھائیوں کی محرومی اور دکھ میں کمی واقع ہو، وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی واستحکام کے لیے دعا گو ہیں اور پاکستان کی عزت و وقار کی خاطر اپنی پرخلوص جہدوجہد جاری رکھیں گے۔