اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے خبردار کیا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط آسان نہ ہوں گی۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے اگلی قسط رواں ماہ مل جائے گی، آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کے لیے وزیر خزانہ سے ملاقات کریں گے۔ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے حالات آسان نہیں ہوں گے تاہم معاشی بحالی کے لیے ایم ایف پروگرام ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں اور مہنگائی بتدریج کم ہو رہی ہے، معاشی استحکام سے ہی غربت کا خاتمہ ہو سکتا ہے، غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے شیڈول پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، ایئرپورٹس کے معاملے پر ترک کمپنی کا وفد پاکستان آئے گا، ممکنہ سرمایہ کاروں کو پاکستان بلانے کا فیصلہ کیا گیا، ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کا کام جاری ہے۔ کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔