گوجرانوالہ( دلشادعلی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے نگہبان رمضان پیکیج کے تحت مستحق خاندانو ں میں فوڈ ہیمپرز کی تقسیم میں تاخیر کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ وزیراعلی پنجاب کے اس ترجیحی اور عوام دوست اقدام کو ہر صورت تیزی کے ساتھ کامیاب بنایا جائے اور اب تک تصدیق ہوجانے والے ڈیٹا کے تحت مستحق خاندانوں میں فوڈ ہیمپرز کی بلا تاخیر تقسیم کو ہر صورت یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے تمام افسران اور اہلکاروں کیخلاف ٹھوس کاروائی بھی عمل میں لائی جائے جن کی سستی اور غیر ذمہ داری کی وجہ سے ڈیٹا کے غلط اندراج سے تصدیق کا عمل متاثر ہورہا ہے۔
کمشنر نے یہ ہدایات ایک ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کیں جس میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز‘ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن افضال احمد وڑائچ‘ اسسٹنٹ کمشنر (جنرل) تنویر یسین سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ تمام ممکنہ افرادی قوت کو استعمال میں لاتے ہوئے ڈیٹا کی تصدیق اور فوڈ ہیمپرز کی بروقت تقسیم کا ٹارگٹ مکمل کیا جائے تاکہ حکومت پنجاب کے اس فلاحی پروگرام کے حقیقی ثمرات انتہائی کم آمدنی والے خاندانوں کو ان کی دہلیز پر ہی حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران اور عملہ فوری طور پر فیلڈ میں نکلے اور ڈیٹا کی تصدیق کا عمل مکمل کرنے کے ساتھ فوڈ ہیمپرز کی تقسیم کو ہر صورت یقینی بنائے بصورت دیگر غیر تسلی بخش کارکردگی پر کڑی باز پرس کی جائے گی۔
اجلاس میں بتایاگیا کہ گوجرانوالہ/ گجرات ڈویژنز میں 6 لاکھ53ہزار909 خاندانوں میں سے اب تک 3 لاکھ 18 ہزار552 مستحق خاندانوں کو ان کی دہلیز پر فوڈ ہیمپرز تقسیم کئے جاچکے ہیں جن سے کم و بیش15لاکھ افراد کو فائدہ ہوگا۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ گوجرانوالہ میں 2لاکھ19ہزار537‘ گجرات میں 97ہزار21‘ سیالکوٹ میں ایک لاکھ18ہزار336‘ نارووال میں 80ہزار937‘ حافظ آباد میں 64ہزار جبکہ منڈی بہاؤالدین میں 73ہزار987 کم آمدن والے خاندان وزیراعلی پنجاب کے نگہبان رمضان راشن پروگرام کیلئے اہل ہیں جن کو باعزت اور شفاف طریقہ کار کے تحت ان کی دہلیز پر فوڈ ہیمپرز تقسیم کرنے کے لئے تمام متعلقہ ضلعی افسران اور عملہ فیلڈ موجود ہے۔











