پیر,  21 اپریل 2025ء
پاکستانی حکومت کے ساتھ باقاعدہ رابطہ ہے،امریکا

واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز)امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہاہے کہ شہریوں کی جان کا کوئی بھی نقصان ہمارے لیے پریشان کن اور دل توڑ دینے والا ہے، یقینی بنانا چاہتے ہیں جب آپریشن کیے جارہے ہوں تو ہر ممکن اقدام کیے جائیں کہ شہری متاثر نہ ہوں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان میں حملے سے جانی نقصان پر گہرا افسوس ہے۔انہوں نے طالبان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گرد حملے شروع نہ ہوں۔

ترجمان ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ اختلافات کو دور کریں، پرعزم ہیں کہ افغانستان دوبارہ کبھی دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہ بنے۔

مزیدپڑھیں:عدالت نے 10 سال بعد سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کےعمران خان کے خلاف ہتک عزت کیس کا فیصلہ سنا دیا

ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستانی رہنمائوں کے ساتھ ہمارا باقاعدہ رابطہ ہے جس میں افغانستان پر تفصیلی بات ہوتی ہے، اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی کے مذاکرات اور دیگر دو طرفہ مشاورت کے ذریعے بات چیت ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی سفیر اور پاکستانی وزیراعظم نے دوطرفہ امور پر گفتگو کی، علاقائی سلامتی پر حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت داری پر گفتگو کی، آئی ایم ایف کے ساتھ اور اس کے ذریعے مسلسل اقتصادی اصلاحات کیلئے امریکی حمایت پر بات کی گئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان سے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر نے اقتصادی ترقی کے مسائل کی قیادت کی، ہم اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ گفتگو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں