هفته,  11 اپریل 2026ء
مذاکرات کے لیے نیت نیک ہے لیکن امریکا پر اعتماد نہیں، باقر قالیباف

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے نیت نیک ہے لیکن امریکا پر اعتماد نہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسلام آباد آمد کے موقع پر ایرانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اچھی امید اور نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کے لیے آیا ہے، تاہم ماضی کے تجربات کی بنا پر امریکا پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

باقر قالیباف نے واضح کیا کہ ماضی میں امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوران مسلسل وعدہ خلافیاں سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں دو مرتبہ مذاکرات کے عمل کے دوران ایران پر حملے کیے گئے اور بے شمار جنگی جرائم کا ارتکاب کیا گیا۔

ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ کسی حقیقی معاہدے کے لیے سنجیدہ ہے اور ایرانی قوم کے حقوق کو تسلیم کرتا ہے، تو ایران بھی مکمل آمادگی کا مظاہرہ کرے گا۔

تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر واشنگٹن مذاکرات کو محض ایک نمائشی عمل یا دھوکا دہی کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے، تو ایرانی عوام اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور ملکی خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید خبریں