ڈھاکا(روشن پاکستان نیوز) بنگلادیش کے حالیہ انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے والی بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کے لیے بھارت سے باضابطہ طور پر مطالبہ کرے گی۔
کوکس بازار-1 حلقہ سے منتخب ہونے والے صلاح الدین احمد نے بی این پی کے ڈھاکا دفترکے باہرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت قانون کے مطابق دباؤ ڈالے گی تاکہ شیخ حسینہ عدالت کے سامنے پیش ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ بنگلادیش اوربھارت کی وزارتِ خارجہ کے درمیان حل ہونا چاہیے اورہم بھارتی حکومت سے مطالبہ کریں گے کہ سابق وزیرِاعظم کوواپس بھیجا جائے تاکہ وہ انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمات کا سامنا کریں۔
ڈھاکہ میں فوجی نقل و حرکت، آرمی چیف کی بغاوت کی افواہیں
بی این پی کی قیادت کا کہنا ہے کہ بھارت سے حوالگی کا مطالبہ بنگلادیش کے قانونی اورعدالتی نظام کے تحفظ کے لیے ضروری ہے اور یہ اقدام عالمی قوانین کے مطابق ہوگا۔
بھارت میں موجود شیخ حسینہ نے بنگلادیش کے انتخابات کو ڈرامہ قراردیا ہے اور بی این پی نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے میں کسی قسم کی رعایت نہیں کرے گی۔
یاد رہے کہ شیخ حسینہ اگست 2024 میں حکومت کے خلاف عوامی بغاوت کے بعد بھارت فرار ہوگئی تھیں اورگزشتہ سال نومبر میں ڈھاکا کی عدالت نے انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں سزائے موت سنائی تھی۔











