جمعرات,  22 جنوری 2026ء
مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی گاڑی پر حملہ، 10 ہلاک، 7 زخمی

سرینگر(روشن پاکستان نیوز)  مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں بھارتی فوج کی گاڑی پر حملے میں 10 اہلکار ہلاک جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے گاڑی پر حملے کو “حادثہ” قرار دے دیا ہے۔ تاہم مقامی آبادی نے دعویٰ کیا ہے کہ فوجی گاڑی کو حریت پسندوں کے حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

بھارتی سرکاری ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھارتی فوج کے اہلکاروں کو لے جانے والی ایک گاڑی بھدرواہ چمبا بین الصوبائی شاہراہ پر سفر کر رہی تھی۔

فوجی گاڑی میں مجموعی طور پر 17 اہلکار سوار تھے۔ جو کھنی ٹاپ کے مقام پر ایک بلند اور دشوار گزار پہاڑی علاقے کی جانب جا رہے تھے۔ دوران سفر گاڑی پھسل کر بے قابو ہو گئی اور تقریباً 200 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔

دوسری جانب مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ حادثے سے قبل فوجی گاڑی پر حریت پسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔ تاہم بھارتی فوج کی جانب سے اس مؤقف کی تردید کی جا رہی ہے۔

واقعے کے فوراً بعد بھارتی فوج اور پولیس نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچنے پر 10 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔ جبکہ 7 زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر نکال لیا گیا۔

زخمی ہونے والے فوجیوں میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جنہیں ایئر لفٹ کے ذریعے اودھم پور کے فوجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں انہیں خصوصی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کورونا سے بھی زیادہ خطرناک ’’نپاہ وائرس‘‘ آگیا

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ جبکہ خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم مقامی افراد کے دعووں کے بعد واقعے کے اصل محرکات پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں