تہران (روشن پاکستان نیوز) ایران نے امریکا کو واضح خبردار کیا ہے کہ رہبر اعلیٰ آیت اللٰہ علی خامنہ ای پر کسی بھی حملے کو وہ پوری جنگ کا سبب سمجھے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران کسی بھی ناانصافی پر مبنی جارحیت کا سخت اور افسوسناک جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم لیڈر پر حملہ دراصل ایران کے خلاف ہمہ گیر جنگ کا اعلان ہوگا۔
لندن میں ایرانی سفارتخانے پرمظاہرے، 4 پولیس افسران زخمی، 14 گرفتار
یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کے بعد سامنے آیا، جنہوں نے ایران میں مظاہرین کے خلاف سخت کارروائیوں اور ممکنہ پھانسیوں پر سختی سے خبردار کیا تھا۔
ٹرمپ نے ہفتے کو پولیٹیکو کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ “ایران میں نئی قیادت لانے کا وقت آ گیا ہے”، جس پر ایرانی قیادت نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
علاوہ ازیں، ایرانی صدر نے ملک میں جاری معاشی بحران کا ذمہ دار امریکا اور اس کے اتحادیوں کو قرار دیا اور کہا کہ طویل عرصے سے جاری پابندیاں اور دشمنی نے ایرانی عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔











