هفته,  17 جنوری 2026ء
شکست کے باوجود بھارت کا جنگی جنون کم نہ ہو سکا، 114 رافیل طیارے خریدنے کی تیاری

نئی دہلی (روشن پاکستان نیوز): پاکستان سے عبرتناک شکست کے باوجود جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے 100 سے زائد فرانسیسی ساختہ لڑاکا طیارے رافیل خریدنے کی تیاری کر لی ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے فرانسیسی ساختہ 114 رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری اور ان کی مشترکہ تیاری کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔

اعلیٰ بھارتی حکام نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بلومبرگ کو بتایا کہ بھارت کے ڈیفنس پروکیورمنٹ بورڈ نے فرانسیسی دفاعی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن (Dassault Aviation) سے رافیل طیاروں کی خریداری کی تجویز کو کلیئر کر دیا ہے۔

بھارتی وزارت دفاع اور فضائیہ نے معاملے پر تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

یاد رہے کہ بھارت نے 2015 میں فرانس سے 126 رافیل طیارے خریدنے کا ایک معاہدہ منسوخ کر دیا تھا جس کی وجہ نئی دہلی میں تیار ہونے والے طیاروں کے معیار پر برسوں تک جاری رہنے والے مذاکرات اور اختلافات تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں آئندہ ماہ بھارت کا دورہ کرنے والے ہیں۔

اگرچہ روس اب بھی بھارت کو اسلحہ فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے، تاہم نئی دہلی نے گزشتہ چند سالوں کے دوران ماسکو سے فوجی ساز و سامان کی خریداری میں کمی کی ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: بنگلادیش بھارت میں نہ کھیلنے کے فیصلے پر ڈٹ گیا

رافیل کیلیے حتمی معاہدے پر دستخط اور طیاروں کی فراہمی شروع ہونے سے قبل ابھی مزید مراحل باقی ہیں جن میں قیمتوں پر تبادلہ خیال اور کابینہ سے حتمی منظوری شامل ہے۔

بلومبرگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے پاس پہلے ہی 36 رافیل طیارے موجود ہیں اور اس نے رواں سال اپریل میں اس لڑاکا طیارے کے 26 بحری ورژن خریدنے کا معاہدہ بھی کیا تھا۔

ان 114 طیاروں میں سے چند کے علاوہ باقی تمام طیارے فرانسیسی دفاعی کمپنی کے تعاون سے بھارت میں ہی تیار کیے جائیں گے جو بھارتی شراکت داروں کو ٹیکنالوجی بھی منتقل کرے گی۔

مزید خبریں