جمعرات,  15 جنوری 2026ء
مانچسٹر: ڈرائیوروں کی حفاظت کے لیے ہر 10 سال بعد ڈرائیونگ ٹیسٹ لینے کی تجویز زیرِ غور

مانچسٹر (روشن پاکستان نیوز) برطانوی حکومت نے سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کو کم کرنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ڈرائیوروں سے متعلق نئے قوانین متعارف کرانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ مجوزہ اقدامات میں ہر 10 سال بعد ڈرائیوروں کے لیے ٹیسٹ، بالخصوص نظر (آئی سائٹ) کا معائنہ، لازمی قرار دینے کی تجویز شامل ہے۔

سرکاری دستاویزات اور ٹریفک سیفٹی ماہرین کے مطابق، ڈرائیوروں کی صحت اور بینائی کا باقاعدہ معائنہ سڑکوں پر پیش آنے والے حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لا سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ نظر کی کمزوری اور صحت کے مسائل ڈرائیونگ کی صلاحیت کو متاثر کر سکتے ہیں، جس کا بروقت جائزہ لینا نہایت ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: برطانیہ ، فرانس ، اٹلی اور جرمنی کے سفیروں کی ایرانی وزارت خارجہ طلبی

تجویز میں یہ بھی شامل ہے کہ 70 سال سے زائد عمر کے ڈرائیوروں کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں، جن کے تحت انہیں ہر تین سال بعد نظر کا تفصیلی معائنہ کروانا ہوگا تاکہ عمر کے ساتھ پیدا ہونے والی بینائی کی خرابی کے باعث ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔

حکومت کے مطابق اس ممکنہ پالیسی کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ڈرائیوروں کی صلاحیت اور بینائی کی باقاعدہ تصدیق کی جائے تاکہ خطرناک حالات کی بروقت نشاندہی اور علاج ممکن ہو سکے۔ اس معاملے پر عوامی مشاورت اور پارلیمانی بحث جاری ہے، جبکہ حتمی فیصلہ آئندہ متوقع نیشنل روڈ سیفٹی اسٹریٹیجی کے تحت کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں