کوالالمپور(روشن پاکستان نیوز) ملائیشیا کے 100 سالہ سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو گھر میں گرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد منگل کو اپنے گھر میں بالکونی سے کمرے کی جانب جاتے ہوئے گر گئے۔
سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کے معاون صوفی یوسف کے مطابق مہاتیر محمد کو ایمبولینس کے ذریعے نیشنل ہارٹ انسٹیٹیوٹ کوالالمپور لے جایا گیا۔
بعد ازاں جاری بیان میں بتایا گیا کہ طبی معائنے کے بعد اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ مہاتیر محمد کے دائیں کولہے کی ہڈی میں فریکچر ہوا ہے۔ سابق وزیراعظم کو علاج اور نگرانی کے لیے چند ہفتوں تک اسپتال میں داخل رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں: بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت
ملائیشیا کے موجودہ وزیراعظم انور ابراہیم اور ان کی اہلیہ نے مہاتیر محمد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
واضح رہے کہ مہاتیر محمد حالیہ برسوں میں مختلف طبی مسائل کا شکار رہے ہیں۔
گزشتہ سال جولائی میں اپنی 100ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب کے بعد بھی انہیں تھکن کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ دل کے عارضے کے باعث بائی پاس سرجری بھی کروا چکے ہیں۔











