ڈھاکہ(روشن پاکستان نیوز) بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں اہم سرکاری شخصیات اور مختلف ممالک کے سفارتی مشن شریک ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے شرکت کی۔
بیگم خالدہ ضیا کو شیر بنگلہ نگر میں مرحوم شوہر سابق صدر ضیا الرحمان کے پہلو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین اور عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس بھی جنازے میں شریک ہوئے۔ بنگلا دیش کی عبوری حکومت کی جانب سے بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے اور آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کل 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں، انہیں طویل عرصے سے دل اور جگر سمیت متعدد امراض کا سامنا تھا۔
خالدہ ضیا بنگلہ دیش کی اہم سیاسی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن تھیں، تین بار وزیر اعظم رہنے والی بیگم خالدہ ضیا بنگلہ دیش کی پہلی اور مسلم دنیا کی دوسری خاتون وزیراعظم تھیں۔
مزید پڑھیں: بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا انتقال کر گئیں
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی رہائش گاہ گئے، انہوں نے خالدہ ضیا کے بیٹے طارق رحمان اور بیٹی سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے کہا کہ دکھ اور رنج کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، خالدہ ضیا کے بیٹے اور بیٹی نے تعزیت اور نماز جنازہ میں شرکت پر اسپیکر ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا۔
اسپیکر ایاز صادق نے بنگلہ دیش کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر خلیل الرحمان سے بھی ملاقات کی، ایاز صادق نے صدر اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اظہار ہمدردی و تعزیت کا پیغام پہنچایا۔











