منگل,  30 دسمبر 2025ء
بحرین: پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان

بحرین(روشن پاکستان نیوز) بحرین کی حکومت نے کمپنیوں، فیکٹریوں اور گاڑیوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلے 2015 میں کیے گئے سابقہ اقدامات کے ازسرِنو جائزے اور مقامی و عالمی منڈی کی صورتحال کے تجزیے کے بعد کیے گئے ہیں، تاکہ توانائی کی قیمتوں کو اصل استعمال اور لاگت کے زیادہ قریب لایا جا سکے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کمپنیوں اور فیکٹریوں کے لیے قدرتی گیس کی قیمت میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا، جس کا اطلاق جنوری 2026 سے ہوگا۔ نئی پالیسی کے تحت آئندہ چار برسوں تک ہر سال 50 سینٹ کا اضافہ کیا جائے گا۔

حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد مقامی اور عالمی قیمتوں کے فرق کو کم کرنا، توانائی کے مؤثر استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا اور صنعتی اداروں کو قابلِ تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا ہے۔

دوسری جانب حکومت نے گاڑیوں کے ایندھن کی قیمتوں کے تعین کے لیے سرکاری اداروں اور کمپنیوں پر مشتمل ایک نئی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، جو ماہانہ بنیادوں پر ایندھن کی قیمتوں کا تعین کرے گی۔

مزید پڑھیں: سال 2026: خلیجی ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کیا ہوں گی؟

اس اقدام کا مقصد عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کی عکاسی کے ساتھ ساتھ معاشی کارکردگی اور مالی پائیداری کو برقرار رکھنا ہے۔

نئے نظام کے تحت سپر (98 آکٹین)، پریمیئم (95 آکٹین)، ریگولر (91 آکٹین) اور ڈیزل کے نرخ مقرر کیے جائیں گے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ بحرینی ماہی گیروں کے لیے ڈیزل پر سبسڈی برقرار رہے گی۔ ایندھن کی قیمتوں سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کے بعد نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔

مزید خبریں