پیر,  29 دسمبر 2025ء
کویت میں بڑی پابندی عائد کردی گئی

کویت سٹی(روشن پاکستان نیوز) ملک میں متعدد الیکٹرانک ادائیگی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے اپنے ساتھ منسلک تجارتی اداروں کو مطلع کیا ہے کہ مرکزی بینک کی ہدایات کے تحت صارفین سے الیکٹرانک ادائیگی کے طریقوں کے استعمال پر کسی بھی قسم کی اضافی فیس وصول کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ادائیگی کمپنیوں کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نوٹسز میں بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام مرکزی بینک کویت کی جانب سے 30 ستمبر 2025 کو جاری کردہ سرکلر کے مطابق ہے۔

سرکلر میں واضح طور پر کویت کے اندر تمام تاجروں کو اس بات سے منع کردیا گیا ہے کہ وہ الیکٹرانک ادائیگی سروسز کے ذریعے ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے استعمال پر صارفین سے کوئی اضافی رقم یا فیس وصول کریں۔

یہ پابندی تمام چینلز پر لاگو ہو گی، جن میں پوائنٹ آف سیل (POS) مشینیں، پیمنٹ گیٹ ویز، الیکٹرانک والٹس اور دیگر ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقے شامل ہیں۔

خبردار کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ادائیگی سروس فراہم کرنے والوں، لائسنس یافتہ تجارتی اداروں اور صارفین کے درمیان معاہدوں کو نئی ہدایات کے مطابق اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کویت: غیر ملکیوں کیلیے نئے قوانین نافذ

مرکزی بینک کویت نے یہ ہدایت تمام مقامی بینکوں، الیکٹرانک ادائیگی سروس فراہم کرنے والوں اور الیکٹرانک منی اداروں کو بھی جاری کر دی ہے، جس میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ ڈیبٹ کارڈز یا کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیوں پر صارفین سے کسی بھی قسم کی فیس یا کمیشن وصول نہیں کیا جا سکتا۔

مرکزی بینک نے متعلقہ اداروں کو اپنے معاہدات کو اپ ڈیٹ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کی خدمات معطل کی جا سکتی ہیں۔

مزید خبریں