پنسلوانیا(روشن پاکستان نیوز) پنسلوانیا کے علاقے برسٹل ٹاؤن شپ میں واقع ایک نرسنگ ہوم میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے، جبکہ کئی رہائشی عمارت کے اندر پھنس گئے۔
حکام کے مطابق دھماکا منگل کی دوپہر بریسٹل ہیلتھ اینڈ ریہیب سینٹر میں پیش آیا، جو فلاڈیلفیا سے تقریباً 30 منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔
پنسلوانیا کے گورنر جوش شیپیرو نے پریس کانفرنس میں واقعے کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے بتایا کہ فائر فائٹرز سیڑھیوں کے ذریعے عمارت میں داخل ہو کر رہائشیوں کو نکال رہے تھے، جبکہ پولیس اہلکار بعض اوقات ایک وقت میں دو افراد کو کندھوں پر اٹھا کر محفوظ مقامات تک پہنچاتے رہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کے بعد کم از کم پانچ افراد لاپتا بتائے گئے، تاہم امکان ہے کہ بعض رہائشی اپنے اہل خانہ کے ساتھ خود ہی وہاں سے روانہ ہو گئے ہوں۔ مقامی پولیس نے اسے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا واقعہ قرار دیا ہے۔
عینی شاہدین اور مقامی میڈیا کی ویڈیوز میں نرسنگ ہوم سے آگ کے شعلے اور سیاہ دھواں اٹھتا دکھائی دیا، جبکہ عمارت کو شدید ساختی نقصان پہنچا، کئی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور چھت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔
مزید پڑھیں: ایف سی ہیڈ کوارٹر خودکش دھماکہ: تینوں حملہ آوروں کے افغان شہری ہونے کی تصدیق ہوگئی
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی ممکنہ وجہ گیس لیکیج بتائی جا رہی ہے۔ مقامی گیس کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے وقت گیس کی بو کی اطلاع ملی تھی، جس کے بعد گیس اور بجلی کی فراہمی بند کر دی گئی۔ تاہم حتمی وجہ کی تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو کارروائی کے دوران متاثرہ افراد کو قریبی اسکول میں قائم ری یونین سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں اہل خانہ اپنے پیاروں سے مل سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی درست تعداد اور حالت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
ریاستی اور وفاقی رہنماؤں نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جبکہ کرسمس سے قبل اس سانحے نے مقامی برادری کو سوگوار کر دیا ہے۔











