آسٹریلیا کے سڈنی کے مشہور ساحل بونڈی بیچ پر یہودی تہوار کے دوران ہونے والی ہولناک فائرنگ کے واقعے میں جہاں 16 لوگ ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، اہیں ایک عام مسلمان شہری کی بہادری کو عالمی رہنماؤں نے سراہا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بونڈی بیچ پر پیش آنے والی فائرنگ کو “انتہائی خوفناک اور تعصّب پر مبنی دہشت گرد حملہ” قرار دیتے ہوئے حملہ آور کو قابو کرنے والے مسلم ہیرو کی تعریف کی ہے۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران احمد الاحمد نامی شخص کو خراجِ تحسین پیش کیا، جس نے ایک حملہ آور سے بندوق چھین کر مزید نقصان سے روکا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ 43 سالہ احمد الاحمد نے گولیوں کی بوچھاڑ کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک حملہ آور کو پیچھے سے قابو کرتے ہوئے اس کی رائفل چھین لی جس سے وہ مزید فائرنگ جاری نہ رکھ سکا اور یوں کئی جانیں بچ گئیں۔
احمد الاحمد ایک فروٹ شاپ کے مالک اور دو بچوں کے والد ہیں۔ حملے کے دوران ان کے بازو اور ہاتھ پر گولیاں لگی اور وہ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
ان کی بہادری کو نہ صرف آسٹریلیا بلکہ عالمی سطح پر انسانی ہمدردی، جرات اور اتحاد کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ احمد الاحمد نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر متعدد جانیں بچائیں اور ان کے لیے وہ “بے حد احترام” رکھتے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایسے لوگ حقیقی معنوں میں ہیرو ہوتے ہیں۔
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے وزیرِ اعلیٰ کرس منس نے احمد الاحمد کی کارروائی کو اپنی زندگی کا “سب سے ناقابلِ یقین منظر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بہادری کے باعث کئی لوگ آج زندہ ہیں۔
انہوں نے کہا، “وہ شخص حقیقی ہیرو ہے، مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کی جرات نے بہت سی جانیں بچائیں۔”
مزید پڑھیں: ویزا فیس بڑھانے پر تنازع، 20 ریاستیں ٹرمپ کے خلاف عدالت پہنچ گئیں
آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے بھی احمد الاحمد سمیت ان تمام شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے فائرنگ کے فوراً بعد زخمیوں کی مدد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطرے کی طرف بڑھنا ہی آسٹریلوی قوم کے کردار کی اصل پہچان ہے۔
دوسری جانب معروف امریکی سرمایہ کار اور ہیج فنڈ کمپنی پرشنگ اسکوائر کیپیٹل مینجمنٹ کے بانی بل ایکمین نے احمد الاحمد کو “بہادر ہیرو” قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی کمپنی ایسے شہریوں کے لیے انعامی پروگرام شروع کرے گی جو اس نوعیت کی جرات مندانہ کارروائیاں انجام دیں۔











