اتوار,  14 دسمبر 2025ء
سڈنی میں ساحل سمندر پر فائرنگ، 10 افراد ہلاک

سڈنی(روشن پاکستان نیوز) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع مشہور بونڈی بیچ پر فائرنگ کے واقعے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے مطابق دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی آپریشن تاحال جاری ہے اور شہریوں کو بونڈی بیچ سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں نہیں آئی، اس لیے عوام احتیاط کریں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے، جبکہ ٹیلی ویژن چینلز نے ایسے مناظر نشر کیے جن میں لوگ زمین پر گرے ہوئے اور امدادی کارروائیاں جاری دکھائی دیں۔

مزید پڑھیں: سڈنی میں صرف بالکونی کا کرایہ 10 لاکھ سے زائد

واقعے کے عینی شاہد 30 سالہ ہیری ولسن نے مقامی اخبار کو بتایا کہ انہوں نے کم از کم 10 افراد کو زمین پر پڑے دیکھا اور ہر طرف خون بکھرا ہوا تھا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں بونڈی بیچ پر لوگوں کو فائرنگ کی آوازوں کے بعد بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ پولیس سائرن بھی سنائی دے رہے ہیں۔ ایک اور ویڈیو میں دو افراد کو پولیس کی جانب سے ایک پیدل پل پر زمین پر دبائے ہوئے دکھایا گیا، جن میں سے ایک کو طبی امداد دینے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت کو بونڈی بیچ میں سیکیورٹی صورتحال کا علم ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیس کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔

یہ واقعہ تقریباً 11 سال قبل سڈنی کے لنڈٹ کیفے میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی یاد دلاتا ہے، جہاں ایک مسلح شخص نے 18 افراد کو یرغمال بنایا تھا اور طویل محاصرے کے بعد دو یرغمالیوں اور حملہ آور کی ہلاکت ہوئی تھی۔

مزید خبریں