پیر,  17 نومبر 2025ء
مدینہ کے قریب خوفناک حادثہ، 42 بھارتی عمرہ زائرین جاں بحق

مدینہ(روشن پاکستان نیوز) سعودی عرب کے شہر مدینہ کے نزدیک ایک دل خراش ٹریفک حادثے میں 42 بھارتی عمرہ زائرین جاں بحق ہوگئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق عمرہ زائرین کو لے جانے والی بس رات تقریباً ایک بج کر 30 منٹ پر مفریحات کے قریب ایک ڈیزل ٹینکر سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں بس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو حکام کے مطابق بس مکمل طور پر جل کر راکھ ہو چکی تھی، جس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی شناخت میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس میں سوار زیادہ تر افراد حادثے کے وقت سو رہے تھے، جس سے بچاؤ کے امکانات نہایت کم رہ گئے۔ ایک شخص کے زندہ بچ جانے کی اطلاع ہے، تاہم اس کی حالت کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

بھارتی ریاست تلنگانہ کی حکومت نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاض میں بھارتی سفارت خانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے نئی دہلی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد اور ضروری اقدامات کے لیے سفارت خانے سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔

مزید پڑھیں: حکومتِ پنجاب کے زیراہتمام سعودی عرب میں سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا انعقاد

حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے حادثے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے بتایا کہ بس میں سوار کئی زائرین کا تعلق حیدرآباد سے تھا۔ انہوں نے بھارتی وزارتِ خارجہ سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ جاں بحق افراد کی میتیں بھارت منتقل کی جا سکیں اور ممکنہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولت فراہم کی جائے۔ اویسی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹریول ایجنسیوں اور بھارتی سفارت خانے کے حکام کو تمام ضروری تفصیلات مہیا کر دی ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حادثے کے مناظر انتہائی دل دہلا دینے والے تھے اور تیز شعلوں نے بس کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ حکام کے مطابق حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ضروری معلومات اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں