واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف سے حاصل ہونے والی آمدن میں سے شہریوں کو کم از کم 2 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رقم امریکی شہریوں کو بطور ڈیویڈنڈ ادا کیے جائیں گے۔ تاہم زیادہ آمدن والے امریکی اس سے محروم رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کھربوں ڈالر حاصل کر رہے ہیں اور بہت جلد اپنے 37 کھرب ڈالر کے بھاری قرضے کی ادائیگی شروع کر دیں گے۔ زیادہ آمدن والے افراد کے علاوہ ہر شخص کو کم از کم 2 ہزار ڈالر ادا کیے جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فی الحال امریکی سپریم کورٹ ٹرمپ کی جانب سے نافذ کردہ تجارتی ٹیرف کے قانونی جواز کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس سے قبل ماتحت عدالتوں نے ان میں سے کئی محصولات کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کو بڑا دھچکا، زہران ممدانی نیو یارک کے پہلے مسلم میئر منتخب
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں عوام کے لیے ایک سے 2 ہزار ڈالر کی رقم تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ اور کہا تھا کہ ان کے نافذ کردہ محصولات سے امریکا کو سالانہ ایک کھرب ڈالر سے زائد آمدنی حاصل ہو سکتی ہے۔











