بیجنگ(روشن پاکستان نیوز) چین نے نایاب معدنیات کی امریکا کو برآمد پر لگائی پابندی عارضی طور پر ہٹا دی ہے۔
پہلے مرحلے میں گیلئم، جرمانیم، اینٹمونی اور سپر ہارڈ میٹریلز سے متعلق ’’ڈوئل یوز‘‘ یعنی دوہرے استعمال کی اشیاء کی برآمد پر عائد پابندی کو معطل کر دیا ہے۔
چینی وزارتِ تجارت کے مطابق یہ معطلی آج سے مؤثر ہوگی اور 27 نومبر 2026 تک برقرار رہے گی۔
وزارت نے اپنے بیان میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم بتایا کہ ان اشیاء کی برآمد پر پابندی دسمبر 2024 میں نافذ کی گئی تھی۔
جمعے کے روز چین نے ان دیگر برآمدی پابندیوں کو بھی عارضی طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا جو 9 اکتوبر کو مخصوص نایاب معدنیات اور لیتھیئم بیٹریوں کے مواد پر عائد کی گئی تھیں۔
مزید پڑھیں: چین نے 48 ممالک کیلئے ویزا فری پالیسی میں توسیع کر دی
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجارتی تنازعات میں کمی لانے کے لیے ایک سال کے لیے ٹیرف میں نرمی اور دیگر تجارتی اقدامات کو مؤخر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کا یہ اقدام بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان جاری اقتصادی کشیدگی میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عالمی منڈی نایاب دھاتوں اور بیٹریوں کے مواد پر انحصار کے باعث غیر یقینی کیفیت کا شکار ہے۔











