اسلام آباد(محمد زاہد خان) جاپان دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دیکھنا چاہتا ہے تفصیلات کے مطابق جاپان سیلف ڈیفنس فورسزکے 71ویں یو م تاسیس کی تقریب وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف مہمان خصوصی تھے، فیروز شاہ ، ندیم شاہ،خدیجہ ندیم نے بھی شرکت کی۔ پاکستان میں جاپان کے سفارتخانے کے زیر اہتمام جاپان سیلف ڈیفنس فورسزکے 71ویں یومِ تاسیس کی تقریب منعقد کی گئی ۔ شاندار تقریب کے میزبان جاپان کے سفیر اکاماتسو شویچی تھے جبکہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے دیگر معزز مہمانوں میں پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈاور پاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سید فیروز شاہ ، جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ ،ان کی اہلیہ سابق صدر کوئٹہ چلتن لائنز کلب خدیجہ ندیم، سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان ، وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی اور وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک سمیت مختلف ممالک کے معزز سفارت کار، سرکاری حکام اور کاروباری برادری سمیت میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔جاپان کے ڈیفنس اٹیچی کرنل آبے کازوو نے جاپان سیلف ڈیفنس فورسز کی نمائندگی کی، جاپانی سفیر اکاماتسو شویچی نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اس موقع پرپاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ ،جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ ،ان کی اہلیہ خدیجہ ندیم نے جاپانی سفیر اور ان کی اہلیہ کو جاپان سیلف ڈیفنس فورسز کے 71ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا تقریب کا آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا، جس کے بعد جاپانی سفیر اور مہمانان خصوصی نے کیک کاٹ کر تقریب کا افتتاح کیا۔جاپان کے سفیر اکاماتسو شویچی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کی پہلی خاتون وزیر اعظم، ہائی ایکسیلینسی تاکائچی سانائے کی قیادت میں جاپان اور پاکستان کے تعلقات باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر مزید مضبوط ہوں گے۔جاپانی سفیر اکاماتسو شویچی نے بتایا کہ جاپانی میرین سیلف ڈیفنس فورس کا جنگی جہاز موراسامے رواں سال پاکستان نیوی کی کثیرالملکی مشق امن 25 میں شریک ہواتھا، رواں سال مئی میں پاکستان کے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے افسران نے جاپان کا دورہ کیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی مشاورت کا اگلا اجلاس دسمبر میں منعقد ہوگا تاکہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ جاپانی سفیر نے دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر جوہری تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاو ¿ کیلئے جاپان کے عزم کو اُجاگر کیا اور کہا کہ جاپان دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دیکھنا چاہتا ہے۔ مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ نے کہا کہ جاپان نے دوسری جنگ عظیم کے بعد جس تیز رفتاری سے ترقی کی وہ پوری دنیا کیلئے مثال ہے، جاپان دنیا بھر میں معاشی، ٹیکنالوجی اور سماجی ترقی کا ایک شاندار ماڈل بن چکا ہے، جہاں مادی ترقی کے ساتھ ساتھ انسانی اقدار کا احترام بھی نظر آتا ہے۔











