الاسکا(روشن پاکستان نیوز) امریکی ریاست الاسکا زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا۔ خبر ایجنسیوں کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی جا رہی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکزالاسکا کے جنوبی ساحلی علاقے کے قریب تھا، جہاں شہریوں نے شدید جھٹکے محسوس کیے، خوف کے باعث لوگ گھروں اورعمارتوں سے باہر نکل آئے۔
مزید پڑھیں: ترکیہ میں شدید زلزلہ ، متعدد عمارتوں کو نقصان
مقامی حکام کے مطابق اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم زلزلے کے بعد افٹر شاکس کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو اور ایمرجنسی ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر ساحلی علاقوں کی طرف رخ نہ کریں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
 
				 
															 
								 
								 
								 
								 
								





 
								 
															





 
															 
															 
								 
															