اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وائٹ ہاؤس امریکا کی پہچان اور صدر کی سرکاری رہائشگاہ ہے تاہم یہ خوبصورت عمارت اب آپ پاکستان میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس صرف امریکی صدر کی سرکاری رہائشگاہ اور دفتر ہی نہیں بلکہ سپر پاور ملک کی پہچان ہے۔ جو بھی امریکا جاتا ہے، اس کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس اپنی آنکھوں سے ضرور دیکھے۔
تاہم اب کسی پاکستانی کو وائٹ ہاؤس دیکھنے کے لیے امریکا جانے کی ضرورت نہیں۔ ہم آپ کو آج ایسے پاکستان کے ایسے شہر کی سیر کرا رہے ہیں، جہاں آپ وائٹ ہاؤس دیکھ کر حیران رہ جائیں گے اور ایسا لگے گا کہ وائٹ ہاؤس امریکا سے سرک کر پاکستان آ گیا ہے۔
جی ہاں یہ خواب نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ سرگودھا میں ہوبہو وائٹ ہاؤس سے مشابہہ محل نما عمارت تعمیر کی گئی ہے اور اس کی شہرت دور دور تک پھیل گئی ہے۔
اس خوبصورت عمارت کو دیکھنے کے لیے نہ صرف سرگودھا کے شہری بلکہ دور دراز سے بھی لوگ یہاں آ رہے ہیں اور اس خوبصورت عمارت کو دیکھنے کے ساتھ یہاں سیلفیاں بنا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: برطانیہ میں وزن کم کرنے کے انجکشن سے 82 افراد ہلاک
سرگودھا کے فیصل آباد روڈ پر ایک ایکڑ رقبہ پر پھیلی یہ تین منزلہ رہائشی عمارت جدید طرز تعمیر کا حسین نمونہ ہے اور اس کو پہلی بار دیکھنے کا یہ گمان کیے بغیر نہیں رہتا ہے کہ وہ سرگودھا نہیں بلکہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کھڑا ہے۔
چار سال سے زیر تعمیر اس عمارت میں بڑے کشادہ کمروں، میٹنگ ہال، لفٹ کی سہولت موجود ہے۔ اس عمارت پر تعمیر گنبد اور بیرونی دیواریں اس کو ہوبہو وائٹ ہاؤس کا ڈپلیکیٹ بناتے ہیں۔
رہائشگاہ کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے اندرون اور بیرون ملک سے نایاب پودے اور آرائشی سامان منگوایا جا رہا ہے، تاکہ اس کو منفرد اور دلکش بنایا جا سکے۔
شہریوں کی دلچسپی اور انجینئرز کی محنت نے اس منفرد منصوبے کو نہ صرف مقامی بلکہ ملکی سطح پر بھی پہچان دلانا شروع کر دی ہے۔ تعمیراتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس خوبصورت عمارت کی تکمیل میں مزید ایک سال درکار ہے۔










