لندن(روشن پاکستان نیوز) برطانیہ کے شہر ڈونکاسٹر میں ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے چند منٹ بعد ہی فیکٹریوں سے صرف چند گز کے فاصلے پر گرکر تباہ ہو گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدقسمت ہیلی کاپٹر نے آج صبح 10 بجے ریٹفورڈ کے قریب گیمسٹن کے ہوائی اڈے سے اڑان بھری، تاہم یہ ہیلی کاپٹر صرف 15 منٹ بعد انگس روڈ میں فوڈ ویسٹ ری سائیکلنگ فرم ریفوڈ کے قریب ایک کھیت میں گر کر تباہ ہو گیا۔
ابھی تک اس حوالے سے معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں کہ ہیلی کاپٹر میں کتنے افراد سوار تھے اور آیا کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان ہوا ہے کہ نہیں۔
برطانوی پولیس اطلاع ملنے کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ لوگوں کو اس جگہ سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر رابنسن آر44 ریوین II ہے، سامنے آنے والی فوٹیج میں ایک سیاہ ہیلی کاپٹر کو دیکھا جاسکتا ہے جس کے نیچے پیلے رنگ کے ساتھ کچھ لکھا ہے وہ ایک طرف گرا ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: برطانیہ میں وزن کم کرنے کے انجکشن سے 82 افراد ہلاک
مذکورہ علاقے کے کونسلر جیمز چرچ نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ جس جگہ پر ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا وہ دو ریلوے لائنوں کے درمیان ایک الگ تھلگ مقام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوا وہاں عام طور پر عوامی گزر نہیں ہوتا لیکن میرے پاس حادثے کی صورتحال کے حوالے سے مزید معلومات نہیں ہیں۔











