لندن(روشن پاکستان نیوز) برطانیہ میں وزن کم کرنے کے غیر قانونی انجکشن لگوانے والے 82 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ انڈرورلڈ نیٹ ورک نے 25 لاکھ سے زائد افراد کو یہ خطرناک انجکشن فروخت کیے، جنہیں صرف 20،20 پاؤنڈ فی انجکشن کے حساب سے مارکیٹ میں بیچا گیا۔
میڈیسن اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹ ریگولیٹری ایجنسی (MHRA) نے حکومت کے تعاون سے بڑے پیمانے پر چھاپوں کی تیاری کر لی ہے تاکہ اس جان لیوا دھندے کو روکا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ذیابطیس اور موٹاپے کا شکار لاکھوں افراد نے وزن کم کرنے کے لیے آن لائن دستیاب یہ انجکشن منگوائے۔
مزید پڑھیں: فنڈز ختم، مہم بند؟ عالمی ادارہ صحت کی خطرناک وارننگ سامنے آگئی
برطانوی میڈیا کے مطابق 53 سالہ کیرن نامی خاتون مانچسٹر میں انجکشن لگوانے کے چند دن بعد انتقال کر گئیں ان کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ وہ خود کو دبلا پتلا اور حسین بنانا چاہتی تھیں۔
تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بلیک مارکیٹ میں مختلف برانڈز کے انجکشن دستیاب ہیں جنہیں کسی سائنسی یا طبی تجرباتی مرحلے سے نہیں گزارا گیا تھا، ریگولیٹری اداروں نے اب تک 2.5 لاکھ پاؤنڈ مالیت کے غیر قانونی انجکشن برآمد کیے ہیں۔
حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ غیرمصدقہ ذرائع سے وزن کم کرنے والے انجکشن خریدنا نہ صرف خطرناک بلکہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔











