واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے ساتھ معاملات کے حل میں چین کی معاونت کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ ایشیا سے متعلق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات کا سو فیصد امکان ہے، انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے اچھا تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ معاملات کے حل میں چین کو امریکہ کی معاونت کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ صورتحال بہتر ہونے پر برازیل پر ٹیرف کم کیے جا سکتے ہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی سے ملاقات کا امکان نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا میں اتوار کے روز تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ہو گا۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ اور پیوٹن کی ہنگری میں طے ملاقات منسوخ، لیکن کیوں؟
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر گزشتہ روز ملائیشیا، جاپان اور جنوبی کوریا کے پانچ روزہ دورے پر روانہ ہوئے، یہ صدارت سنبھالنے کے بعد صدر ٹرمپ کا پہلا دورہ ایشیا ہے، امریکی صدر کی جمعرات کے روز جنوبی کوریا میں چینی ہم منصب سے ملاقات طے ہے۔
صدر ٹرمپ ملائیشیا میں آسیان سمٹ میں شرکت کریں گے، خبر ایجنسی کے مطابق جاپانی وزیر اعظم کی جانب سے صدر ٹرمپ کی ہدایت پر امریکہ میں 550 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کے اعلان کا امکان ہے۔











