بدھ,  22 اکتوبر 2025ء
ٹرمپ اور پیوٹن کی ہنگری میں طے ملاقات منسوخ، لیکن کیوں؟

واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ہنگری میں طے ملاقات منسوخ ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور روس کے مذاکرات کاروں میں فون کالز کے درمیان تلخیوں نے معاملہ خراب کر دیا ہے، اور ہنگری میں طے شدہ ملاقات منگل کو منسوخ کر دی گئی۔

دونوں صدور کی بڈاپسٹ میں ملاقات کا اعلان پچھلے ہفتے کیا گیا تھا، امریکی و روسی حکام کا کہنا ہے کہ ملتوی ملاقات کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے درمیان ہونے والی فون کال کو ’’تعمیری مگر غیر فیصلہ کن‘‘ قرار دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے صدر پیوٹن کے ساتھ ایک فون کال کے بعد کہا تھا کہ وہ روسی صدر سے جلد ملاقات کے لیے تیار ہیں تاکہ روس یوکرین تنازع کو ختم کرنے کی کوششوں میں کوئی پیش رفت کی جا سکے۔ تاہم، ٹرمپ نے منگل کے روز واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’کسی فضول ملاقات‘‘ کے خواہش مند نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد 18 نومبر کو امریکا کا دورہ کریں گے، صدر ٹرمپ سے ملاقات طے

انھوں نے کہا ’’نہیں، نہیں، میں وقت کا ضیاع نہیں چاہتا، یہ ایک شیطانی جنگ ہے، وہ گولی چلا رہے ہیں اور وہ لوگوں کو مار رہے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ پیوٹن اسے ختم کرنا چاہتے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ زیلنسکی اسے ختم کرنا چاہتے ہیں، اور مجھے لگتا ہے کہ یہ ختم ہونے والا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ اور صدر پوٹین نے اگست میں امریکی ریاست الاسکا میں ملاقات کی تھی، جس میں کوئی معاہدہ طے نہیں پا سکا تھا، اور جنگ بندی سے متعلق مذاکرات ابھی تک تعطل کا شکار ہیں۔

مزید خبریں