بیجنگ(روشن پاکستان نیوز) چین نے پاکستان پر ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوست ملک نے یقین دلایا ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات سے ہمارے مفادات کو نقصان نہیں پہنچے گا۔
معمول کی پریس بریفنگ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات یا ممکنہ معدنیاتی تعاون سے چین کے مفادات، اسٹریٹیجک اعتماد اور دوطرفہ شراکت داری کسی صورت متاثر نہیں ہوگی۔
انھوں نے اُن میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے امریکا کو ایسے معدنیاتی یا ریئر ارتھ نمونے دکھائے جو چین کے حساس منصوبوں یا مفادات سے متعلق ہوسکتے ہیں۔
چین کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ رپورٹس پاک چین دوستی کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ ایسی خبریں یا تو غلط معلومات پر مبنی ہیں یا جان بوجھ کر پھیلائی گئی ہیں تاکہ پاکستان اور چین کے درمیان بداعتمادی پیدا کی جائے۔
مزید پڑھیں: عرب چینل کی لائیو نشریات کے دوران ’چوہا‘ آنے پر اینکر خوفزدہ
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی امریکا کو دکھائے گئے جن معدنیات کا ذکر کیا جا رہا ہے وہ چین کے کسی منصوبے سے منسلک نہیں ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے سدا بہار اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں۔ہماری آہنی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے۔