ریاض(روشن پاکستان نیوز) سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ اب مملکت میں موجود وہ تمام افراد جو کسی بھی قسم کے ویزے کے حامل ہیں، عمرہ ادا کرسکتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ اقدام حکومت کی اُن کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد عمرہ زائرین کے لیے طریقہ کار کو آسان بنانا اور حج و عمرہ نظام کے تحت فراہم کی جانے والی خدمات تک بہتر رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ یہ تمام اقدامات سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔
وزارت کے مطابق یہ سہولت مختلف ویزا رکھنے والے افراد کے لیے ہے، جن میں شخصی ویزا، خاندانی وزٹ ویزا، ای-ٹورسٹ ویزا، ٹرانزٹ ویزا اور ورک ویزا سمیت دیگر اقسام شامل ہیں۔
وزارتِ حج و عمرہ نے کہا کہ یہ اقدام مملکت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو اپنے مذہبی فرائض زیادہ سہولت، سکون اور اطمینان کے ساتھ ادا کرنے کا موقع دیا جائے۔
مزید پڑھیں:یوٹیوبر عمران ریاض کے وارنٹ گرفتاری جاری
وزارت نے نسک عمرہ پلیٹ فارم بھی متعارف کرایا ہے ، جو ایک ڈیجیٹل سروس ہے جس کے ذریعے زائرین اپنا عمرہ سفر الیکٹرانک انداز میں منصوبہ بندی کے ساتھ مکمل کرسکتے ہیں۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے زائرین عمرہ پیکیجز کا انتخاب، اجازت نامے حاصل کرنے، اور مختلف خدمات و وقت کی بکنگ آسانی سے کرسکتے ہیں۔
وزارت نے مزید کہا کہ یہ آسان اقدامات خادمِ حرمین شریفین اور ولی عہد کی زیرِ نگرانی حکومت کے اس عزم کو ظاہر کرتے ہیں کہ زائرین کو ایک محفوظ، روحانی اور منظم ماحول فراہم کیا جائے، تاکہ وہ اعلیٰ معیار کی خدمات کے ساتھ ایک بابرکت اور یادگار عمرہ تجربہ حاصل کرسکیں۔