واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکہ میں بے روزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح کے بیچ ملازمت کے متلاشی افراد آئے روز فراڈ کا سامنا کرتے ہیں۔
کچھ ایسا ہی 37 سالہ نکول بیکر کے ساتھ ہوا۔ انہیں اس وقت شدید دھچکا لگا جب انہیں ایک اسپورٹس ویئر برانڈ کی جانب سے نوکری کی پیشکش ملی لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ یہ سب ایک فراڈ تھا۔
بیکر امریکی ریاست اوریگن میں مقیم ہیں۔ انہوں نے ایک چینی برانڈ کے ساتھ دو ہفتوں پر مشتمل ایک پیشہ ورانہ اور مستند نظر آنے والے انٹرویو کے بعد گلوبل کمیونیکیشنز کے سربراہ کی نوکری حاصل کی۔ لیکن جلد ہی انہیں پتہ چلا کہ یہ سب ایک منظم دھوکہ دہی کا حصہ تھا۔
فراڈ کیسے ہوا؟
شروع میں سب کچھ معمول کے مطابق لگ رہا تھا۔ پہلے ایک آن لائن انٹرویو ہوا، پھر ایک خود کو ہیڈ آف مارکیٹنگ اینڈ سیلز کہنے والے شخص سے فون پر بات چیت ہوئی۔ اس کے بعد انہیں ایک باقاعدہ آفر لیٹر اور پاورپوائنٹ پریزنٹیشن موصول ہوئی، جس میں ان کی ذمہ داریاں، بجٹ اور کارکردگی کے اہداف شامل تھے۔
لیکن ایک ہفتے بعد، ‘آن بورڈنگ’ میٹنگ کے دوران انہیں بتایا گیا کہ کمپنی کے سرورز کیلیفورنیا کی آگ میں تباہ ہو گئے ہیں، اس لیے انہیں خود سے ایک مخصوص ریٹیلر سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون خریدنا ہوگا۔ اور رقم کی ادائیگی پہلی تنخواہ میں کر دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی اے کا موبائل فون کلوننگ اور جعلی آئی ایم ای آئی کے خلاف کریک ڈاؤن
اسی لمحے میرا دل ڈوب گیا، اور میں نے کہا،’اوہ نہیں، میں ایک جعلی نوکری کا شکار ہو گئی ہوں’، بیکر نے اے ایف پی کو بتایا۔
یہ سب بہت خوفناک تھا کیونکہ میں خود کو ایک سمجھدار اور باخبر شخص سمجھتی ہوں، خاص طور پر موجودہ دور میں جب AI اور اسکیمز کا بول بالا ہے۔ اگر میرے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے تو کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔
فراڈ میں خطرناک اضافہ
سائبر سکیورٹی فرم McAfee کے مطابق، مئی سے جولائی کے درمیان روزگار سے متعلق فراڈز میں 1,000 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔
تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ تقریباً ہر تین میں سے ایک امریکی کو ٹیکسٹ میسج کے ذریعے جعلی جاب آفرز موصول ہوئیں۔ McAfee کے مطابق، ان اسکیمز نے اب ای میل سے نکل کر ہماری روزمرہ بات چیت تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
متاثرین کو ایک فراڈ میں اوسطاً 1,471 ڈالر کا نقصان ہوا، جبکہ گزشتہ سال امریکہ میں مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کا فراڈ رپورٹ ہوا جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے۔
جنریٹیو AI نے فراڈ کو حقیقت نما بنا دیا
نیشنل سائبر سیکیورٹی الائنس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیزا پلاگیمائر کہتی ہیں کہ ایک طرف نوکریاں کم اور امیدوار زیادہ ہیں، دوسری طرف جنریٹیو AI نے جعلی جاب پوسٹس، ریکروٹر پروفائلز اور انٹرویو اسکرپٹس کو اتنا حقیقی بنا دیا ہے کہ فراڈ کو پہچاننا مشکل ہو گیا ہے۔
خاص طور پر نئے امیدوار زیادہ خطرے میں ہیں۔
جعلی بینک چیک
فیڈرل ٹریڈ کمیشن (FTC) نے حال ہی میں جعلی چیک فراڈ سے خبردار کیا ہے، جس میں اسکیمرز آجر بن کر امیدواروں کو جعلی چیک بھیجتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مخصوص وینڈرز سے سامان خریدا جائے۔
اگر کسی آفر میں چیک جمع کروا کر اس سے خریداری کی ہدایت دی جا رہی ہو، تو سمجھ جائیں کہ یہ فراڈ ہے۔ فوراً پیچھے ہٹ جائیں۔