اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے فلسطینی شہریوں کی وسیع پیمانے پر نگرانی کے لیے استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی تک اسرائیل کی رسائی روکنے کا اعلان کردیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی ایک خفیہ انٹیلی جنس یونٹ کو اپنی کلاؤڈ سروسز سے بلاک کردیا کیونکہ یہ یونٹ فلسطینیوں کی وسیع پیمانے پر نگرانی کے لیے اس پلیٹ فارم کو استعمال میں لا رہا تھا۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی فوجی خفیہ یونٹ نے کمپنی کی اے آئی اور ڈیٹا سروسز کا غلط استعمال کرکے شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ کے صدر اور نائب چیئر بریڈ اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ یہ فیصلہ برطانوی اخبار دی گارڈین کی ایک تحقیقی رپورٹ میں اسرائیلی فوج کی خفیہ یونٹ کی سرگرمیوں کے انکشاف کے بعد کیا گیا۔
تحقیقی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی یونٹ 8200 نے مائیکروسافٹ کی Azure کلاؤڈ سروس کو استعمال کرتے ہوئے فلسطینیوں کے موبائل فون کال ریکارڈز کا ڈیٹا ہتھیایا، اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے اسرائیل فلسطینیوں کے مقام، انفرادی معلومات حاصل کرکے انہیں اپنے مقاصد کے لیے استعمال میں لاتا ہے۔
واضح رہے کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ایک بڑی امریکی ٹیک کمپنی نے اسرائیلی فوج کو فلسطینی حقوق کی خلاف ورزی پر پابندی عائد کی ہے۔
مزید پڑھیں: غزہ ، اسرائیلی فوج نے خیموں میں مقیم بے گھر فلسطینیوں پر بم برسا دیئے ، 90 شہید
مائیکروسافٹ کی جانب سے یہ اقدام ملازمین اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے بعد اُٹھایا گیا ہے جو کمپنی کے اسرائیل کی فوجی کارروائیوں سے تعلقات پر تحفظات رکھتے ہیں۔