منگل,  23  ستمبر 2025ء
امریکہ میں فرانسیسی صدر کی گاڑی کو روک لیا گیا

نیویارک(روشن پاکستان نیوز) نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس سے قبل ایک دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب پولیس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قافلے کے لیے بند کی گئی سڑک پر فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کی گاڑی کو بھی روک دیا۔

امریکی صدر کے قافلے کی روانگی کے دوران مقامی پولیس نے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر مختلف شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند کر رکھا تھا۔ اسی دوران فرانسیسی صدر میکرون کا قافلہ بھی اسی سڑک پر پہنچ گیا، جہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے ان کی گاڑی کو بھی روک دیا۔

واقعے کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد یہ منظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ فرانسیسی صدر اپنی گاڑی سے باہر نکلتے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کرکے ہلکے پھلکے انداز میں کہتے ہیں کہ “راستہ صاف کروائیں”۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

مزید پڑھیں: عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت ، قطر کیساتھ اظہار یکجہتی

عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ زیادہ دیر جاری نہیں رہا،اس کے بعد میکرون کا قافلہ دوبارہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گیا۔

بین الاقوامی میڈیا نے اس غیر متوقع صورتحال کو “ڈپلومیسی میں ہلکی پھلکی مزاح کا لمحہ” قرار دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات جہاں سیکیورٹی پروٹوکول کی سختی کو اجاگر کرتے ہیں، وہیں رہنماؤں کے انسانی پہلو کو بھی سامنے لاتے ہیں۔

واضح رہے کہ نیویارک میں جاری جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دنیا بھر کے سربراہان شریک ہیں اور سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں