واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کو اُن کی 75ویں سالگرہ پر فون کرکے مبارکباد دی۔
یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان جون 2025 کے بعد پہلا براہِ راست رابطہ تھا جس نے سفارتی حلقوں میں نئی بحث کو جنم دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس اور بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق فون کال کے دوران صدرٹرمپ نے وزیرِاعظم مودی کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ وہ بھارت میں شاندار کام کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور بھارت آنے والے دنوں میں اپنے تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دیں گے اور انہیں نئی سطح تک لے جائیں گے۔
ان کے بقول امریکا خطے میں بھارت کے ساتھ شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے اورمستقبل قریب میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔
مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کا خضدار میں آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گرد ہلاک
اس موقع پر وزیرِاعظم نریندر مودی نے امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت امریکا کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملک نہ صرف تجارتی میدان میں بلکہ ٹیکنالوجی، سلامتی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مشترکہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سفارتی ماہرین کے مطابق یہ رابطہ اس بات کی علامت ہے کہ واشنگٹن اورنئی دہلی آنے والے دنوں میں اپنے تعلقات کو مزید فعال انداز میں آگے بڑھا سکتے ہیں۔