تہران(روشن پاکستان نیوز) ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا ہے کہ مسلم ممالک اسرائیل کے خلاف مشترکہ آپریشن روم بنائیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے خلاف عملی اقدام کی ضرورت ہے۔ صرف تقاریر پر مشتمل اجلاسوں سے اسرائیلی حکومت کا کچھ نہیں بگڑے گا۔
انہوں نے مسلم ممالک کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے خلاف مشترکہ آپریشن روم بنانے کی ضرورت ہے۔ اور اس کا صرف فیصلہ ہی اسرائیلی حکومت کے سرپرستوں کو پریشان کرنے کے لیے کافی ہو گا۔
علی لاریجانی نے کہا کہ مسلم ممالک نے فلسطین کے مظلوموں کے لیے تو کچھ نہیں کیا۔ لیکن کم از کم اپنے آپ کو تباہی سے بچانے کے لیے ہی کوئی فیصلہ کر لیں۔
یہ بھی پڑھیں: تہران میں اسرائیل کے خلاف فتح کی تقریبات، ایرانی عوام نے پاکستانی پرچم بھی لہرایا
اس سے قبل نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے قطر پر اسرائیلی حملے دوحہ میں ہونے والے اجلاس میں تجویز دی تھی کہ اسرائیل کے عزائم کی نگرانی اور توسیع پسندانہ منصوبوں کو روکنے کے لیے عرب اسلامی ٹاسک فورس قائم کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل عالمی امن اور سلامتی کے لیے ایک مستقل خطرہ بن چکا ہے۔ اور پاکستان سب سے سخت الفاظ میں ریاست قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے۔