واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس پر مزید پابندیاں لگانے کا انحصار نیٹو ممالک کے فیصلوں پر ہے۔
انہوں نے ایک خط میں نیٹو اتحادیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ روس سے تیل خریدنا نہایت افسوسناک اور حیران کن ہے کیونکہ اس سے مغربی ممالک کی مذاکراتی پوزیشن کمزور ہوتی ہے۔
ٹرمپ نے مطالبہ کیا کہ تمام نیٹو ممالک روسی تیل کی خریداری فوری طور پر بند کریں تاکہ ماسکو پر حقیقی دباؤ ڈالا جا سکے،اس کے ساتھ چین پر 50 سے 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کی تجویز بھی دی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام روس اور چین کے درمیان تعلقات کو کمزورکرے گا اورماسکو کو یوکرین میں جنگ جاری رکھنے کی صلاحیت سے محروم کرے گا۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر نیٹوممالک ان فیصلوں پرعمل کریں تو یوکرین جنگ جلد ختم ہو جائے گی، ’’اگر آپ وہی کریں جو میں کہتا ہوں تو امن قریب ہے، بصورت دیگرآپ میرا اورامریکا کا وقت ضائع کر رہے ہیں‘‘، ٹرمپ نے خبردارکیا۔
مزید پڑھیں: صدر ٹرمپ کا محکمہ دفاع کا نام بدل کر ’محکمہ جنگ‘ رکھنے کا اعلان
امریکی صدرنے مزید کہا کہ وہ آگے بڑھنے کے لئے تیار ہیں، اب فیصلہ نیٹو ممالک کو کرنا ہے کہ کیا وہ اس چیلنج کے لیے تیار ہیں یا نہیں۔