ریاض(روشن پاکستان نیوز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مجلس شوریٰ کونسل کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ برادر ملک قطر کے ساتھ ہیں۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ خطے میں اسرائیلی حملوں کو مسترد اور ان کی شدید مذمت کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ برادر ملک قطر کے ساتھ ہیں، تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
شہزاد محمد بن سلمان نے کہا کہ قطر کی جانب سے کیے جانے والے ہر اقدام میں اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے اور انہیں روکنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔
سعودی شوریٰ کونسل کے اجلاس میں خطے کی تازہ صورتحال اور بین الاقوامی امور پربھی گفتگو کی گئی۔ دوسری جانب پاکستان نے قطر پر اسرائیلی حملے کے خلاف سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
مزید پڑھیں: قطر کے بعد اسرائیل کا اگلا نشانہ ترکیہ ہوسکتا ہے،امریکی تھنک ٹینک
پاکستان نے الجزائر صومالیہ کے ساتھ مل کراجلاس طلب کرنے کی درخواست کی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کی قطر پر بلااشتعال اور غیرقانونی جارحیت کے پیش نظر درخواست کی گئی،پاکستان قطری حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ قطرپراسرائیلی حملے کے بعدٹرمپ نے نیتن یاہوسے رابطہ کیا ہے، امریکی صدر نے کہا کہ قطر میں حماس کو نشانہ بنانا مناسب نہیں تھا،حملے سے پہلے آگاہ نہ کرنے پرٹرمپ نے ناراضگی کااظہارکیا، جس کے جواب میں نیتن یاہو نے موقف اختیار کیا کہ حملہ کرنے کا موقع مختصر تھا جسے استعمال کیا۔