بدھ,  03  ستمبر 2025ء
چین نے دنیا میں کسی بھی مقام کو نشانہ بنانے والا جدید میزائل متعارف کروا دیا

بیجنگ(روشن پاکستان نیوز) چین نے پوری دنیا میں کسی بھی مقام کو نشانہ بنانے والا جدید میزائل DF-5C متعارف کروا دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین نے دوسری عالمی جنگ میں فتح کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ خصوصی فوجی پریڈ کے دوران اپنے جدید ترین بین البراعظمی جوہری میزائل DF-5C کو پہلی بار عوام کے سامنے پیش کر دیا۔

یہ مائع ایندھن سے چلنے والا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) ہے۔ جس کی رینج 20 ہزار کلومیٹر سے زائد ہے۔ اس میزائل کو دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ DF-5C کی ایک اہم خصوصیت اس کی تین حصوں میں منتقلی کی صلاحیت ہے۔ جس کے تحت اسے تین مختلف گاڑیوں کے ذریعے منتقل کیا جا سکتا ہے۔ جس سے لانچنگ کی تیاری میں وقت کم لگتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ میزائل نہ صرف جوہری بلکہ روایتی اور ڈمی وارہیڈز بھی لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ خصوصیت دشمن کے دفاعی نظام کو دھوکہ دینے میں مدد دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چینی صدر نے ایس سی او ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز دے دی

مذکورہ آواز سے کئی گنا تیزی سے پرواز کرتا ہے۔ جس سے موجودہ دفاعی نظام کے لیے اس کا جواب دینا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔ یہ ایک ساتھ متعدد اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، جس سے چین کی دفاعی اور جوابی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

چینی حکام کے مطابق میزائل میں جدید ترین گائیڈنس ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے۔ جس میں چین کا اپنا بیڈو نیوی گیشن سسٹم بھی شامل ہے۔ جس کی مدد سے میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق DF-5C کی لانگ رینج اور جدید خصوصیات اس بات کی علامت ہیں۔ کہ چین دنیا بھر میں موجود کسی بھی ممکنہ جوہری خطرے کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید خبریں