بدھ,  03  ستمبر 2025ء
بھارتی شہر گروگرام میں چند گھنٹے کی بارش، 6 سے 7 کلومیٹر تک ٹریفک جام

ممبئی (روشن پاکستان نیوز) بھارت کے شہر گروگرام میں چند گھنٹے کی بارش سے ہزاروں گاڑیاں ٹریفک میں پھنسی رہیں۔

گزشتہ روز بھارتی شہر گروگرام میں تین گھنٹے تک مسلسل بارش سے مختلف علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا، جس کے بعد ٹریفک جام ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بارش کے پانی کے باعث دہلی جے پور ہائی وے پر بھی ٹریفک جام ہوگیا اور یہ ٹریفک جام کئی گھنٹوں تک جاری رہا، 6 سے 7 کلومیٹر تک گاڑیاں گھنٹوں تک پھنسی رہیں۔

اس طویل ٹریفک جام کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اوربھارت کے شہری اس اذیت ناک ٹریفک جام پر اپنی حکومت پر شدید تنقید کر رہے ہیں، واضح رہے کہ بارشوں کے باعث بھارتی ریاست ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ اور دہلی شدید متاثر ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں 431 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اگست میں مون سون بارشوں کا 76 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، شملہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

دہلی میں دریائے جمنا میں پانی کی سطح خطر ناک حد سے تجاوز کر گئی ہے، دریا جمنا کے کنارے ریت کے باکسز لگا دیئے گئے ہیں، الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے، ہریانہ کے ہتھنی کُنڈ بیراج سے پانی کا اخراج ہو رہا ہے، جمنا میں پانی کی سطح میں اضافے کاخدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کا لاہور سے پیرس کیلئے فضائی آپریشن بند کرنے کا فیصلہ

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دہلی میں بارش کے باعث درجنوں گھر زیرآب آ چکے ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کی نقل مکانی جاری ہے، دریائے ستلج میں طغیانی سے فیروزپور کے 107 دیہات زیرآب آگئے ہیں۔

بھارتی پنجاب میں گزشتہ ماہ معمول سے 74 فیصد زائد 253 ملی میٹر بارش برسی، راجستھان میں نشیبی علاقے زیر آب ہیں، ریاست اوڈیسہ، تیلنگانہ، اروناچل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

مزید خبریں