جمعرات,  28  اگست 2025ء
ترکیہ کی دفاعی صنعت میں بڑی کامیابی ’اسٹیل ڈوم‘ متعارف کرا دیا

اسنبول (روشن پاکستان نیوز) ترکی نے دفاعی صنعت میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ صدر رجب طیب اردوان نے جدید ترین ایئر ڈیفنس سسٹم ’اسٹیل ڈوم‘ کی فوج کو فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ ملک کی سلامتی اور خود انحصاری کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔

اردوان نے انقرہ میں اسلسان کے مرکز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 47 جدید فوجی گاڑیاں، جن کی مالیت 460 ملین ڈالر ہے، فوج کے حوالے کی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام دوست ممالک کے لیے اعتماد اور دشمنوں کے لیے خوف کا باعث ہوگا۔

مزید پڑھیں: جرمنی نے پاکستان میں موجود 2 ہزار افغان باشندوں کو داخلے کی اجازت دے دی

’اسٹیل ڈوم‘ ایک جامع دفاعی نظام ہے جو مختلف بلندیوں سے آنے والے خطرات کے خلاف زمینی اور بحری دفاعی پلیٹ فارمز، ریڈار، سینسرز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کو آپس میں جوڑتا ہے۔ اس نظام کے تحت حصار O-100 اور سپر میزائل سسٹمز، جدید ریڈارز، الیکٹرانک وار فیئر سسٹمز اور مختصر فاصلے کے فضائی دفاعی ہتھیار فوج کو فراہم کیے گئے ہیں

اردوان نے کہا کہ ترکی اب ایک ایسے دور میں داخل ہورہا ہے جہاں اپنی ضروریات کے لیے باہر پر انحصار نہیں کرے گا بلکہ اپنے بنائے ہوئے دفاعی نظاموں سے ملکی سلامتی کو یقینی بنائے گا۔

اسی موقع پر اسلسان کے اوغلبے (Ogulbey) ٹیکنالوجی بیس کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ یہ منصوبہ 1.5 بلین ڈالر کی لاگت سے بنایا جائے گا جو ترکی کی دفاعی صنعت میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔ اردوان کے مطابق یہ بیس یورپ کا سب سے بڑا مربوط ایئر ڈیفنس مرکز ہوگا اوراگلے سال اس کا پہلا حصہ کام شروع کردے گا۔

تقریب میں 14 نئی تنصیبات کا افتتاح بھی کیا گیا جن سے کمپنی کی پیداوار کی صلاحیت میں 40 فیصد اضافہ ہوگا اور تقریباً 4 ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔

صدر اردوان نے کہا کہ خطے میں جاری جنگوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ فضائی خطرات کو پہچاننے کے لیے جدید راڈار اور دفاعی نظام کتنے ضروری ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ترکی اپنی سلامتی میں کسی طرح کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گا۔

ترک وزیر دفاع یشار گولر نے بھی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اسٹیل ڈوم‘ مسلح افواج کی طاقت اور مؤثریت میں اضافہ کرے گا اور ملکی سلامتی کو اعلیٰ ترین سطح پر یقینی بنائے گا۔

مزید خبریں