استنبول (روشن پاکستان نیوز) ترکی کے وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر یورالوغلو نے اپنی تیز رفتار ڈرائیونگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جو دیکھی جانے کے بعد انہیں جرمانہ کردیا گیا، ویڈیو میں وہ 225 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے، جو قانونی حد سے تقریباً دوگنا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ وزیرعبدالقادر کی گاڑی اناطولیہ کی مشہور انقرہ موٹروے پر دیگر گاڑیوں کو تیزی سے پیچھے چھوڑتی ہوئی اسپیڈ میں آگے بڑھ رہی تھی، جب کہ پس منظر میں ترک لوک موسیقی اور صدر رجب طیب اردگان کی تقریر کے کچھ حصے چل رہے تھے، جن میں حکومت کے انفراسٹرکچر منصوبوں کی تعریف کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: ترکیہ میں عیدالاضحیٰ کے پہلے روز جانوروں کو ذبح کرنے کے دوران 14 ہزار افراد زخمی
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے وزیر برائے ٹرانسپورٹ و انفرا اسٹرکچر عبدالقادر پر 9,267 ترک لیرا یعنی تقریباً 280 ڈالرز کا جرمانہ عائد کر دیا۔ یہ خلاف ورزی انقرہ کے قریب تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر ریکارڈ ہوئی تھی۔
سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد وزیرِ ٹرانسپورٹ نے خود اپنی خلاف ورزی کے چالان کی تصویر پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کی اور لکھا، ’اپنی قوم سے معذرت خواہ ہوں۔‘
یاد رہے کہ ترکی میں ہائی ویز پر زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد 140 کلومیٹر فی گھنٹہ (87 میل فی گھنٹہ) ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف گزشتہ سال کے دوران ملک بھر میں لگ بھگ 15 لاکھ ٹریفک حادثات ہوئے جن میں 6,351 افراد جان کی بازی ہار گئے۔