اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سابق آسٹریلوی کرکٹ کپتان اور دنیا ئے کرکٹ کے مایہ ناز بیٹسمین مائیکل کلارک ایک بار پھرجلد کے کینسر میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
43 سالہ سابق کھلاڑی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی صحت سے متعلق اپڈیٹ شیئر کرتے ہوئے ناک سے کینسر زدہ جگہ کی سرجری کی تصویر پوسٹ کی اور مداحوں کو جلد کی دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیا۔
اپنے حالیہ پیغام کے ذریعے کلارک نے خاص طور پر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے سورج کی مضررساں شعاعوں سے بچاؤ، جلد کی حفاظت اور باقاعدہ چیک اپ کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ وقت پر تشخیص اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس خطرناک بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔
کلارک نے لکھا، ”جلد کا کینسر ایک حقیقت ہے، خاص طور پر آسٹریلیا جیسے ملک میں۔ آج ناک سے ایک اور حصہ کاٹا گیا۔ یہ ایک دوستانہ یاد دہانی ہے کہ اپنی جلد کا باقاعدہ معائنہ کروائیں۔ احتیاط علاج سے بہتر ہے اور میرے معاملے میں تو جلدی تشخیص اور باقاعدگی سے چیک اپ بہت ضروری ہیں۔“
مزید پڑھیں: سی ڈی اے کا بڑا اعلان، اسلام آباد میں 30 مقامات پر مفت انٹرنیٹ کی سہولت
انہوں نے اپنے معالج کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے مرض کی ابتدائی سطح پر تشخیص کر لی۔
مائیکل کلارک کی جلد کے کینسر سے لڑائی نئی نہیں۔ انہیں پہلی بار 2006 میں یہ مرض لاحق ہوا تھا،جبکہ 2019 میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ڈاکٹروں نے ان کے چہرے سے تین نان میلانوما زخم ہٹائے تھے۔
اس وقت بھی انہوں نے سورج کی مضر شعاعوں سے بچاؤ کی تلقین کرتے ہوئے کہا تھا، ”ایک اور دن، ایک اور زخم میرے چہرے سے کاٹا گیا… نوجوانوں سے گزارش ہے کہ وہ سورج کی شعاعوں سے خود کو محفوظ رکھنے کے تمام اقدامات کریں۔“
مائیکل کلارک کی نمائندگی میں آسٹریلوی ٹیم نے کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے 2004 سے 2015 کے درمیان آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 115 ٹیسٹ، 245 ون ڈے اور 34 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔
بطور کپتان 74 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کی جن میں 47 فتوحات حاصل کیں اور 139 ون ڈے میچز میں قیادت کی، جن میں 2015 کا ورلڈ کپ اور 2013–14 کی ایشز میں 0-5 کی تاریخی جیت بھی شامل ہے۔
ان کا جارحانہ انداز، قائدانہ صلاحیت اور مشکل لمحات میں استقامت نے انہیں آسٹریلیا کے عظیم ترین کپتانوں کی صف میں کھڑا کیا۔