منگل,  26  اگست 2025ء
پاکستان نے بھارت کے 7 طیارے تباہ کیے، ٹرمپ نے ایک بار پھر ذکر چھیڑ دیا

واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز)  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کر ذکر چھیڑتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جنگ کے دوران بھارت کے 7 طیارے تباہ کیے، میں نے اس جنگ کو روکا۔ غزہ کی صورت حال پر بھی سوالات کا جواب دیا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کیا اور ساتھ ہی غزہ کی تازہ صورتحال سے متعلق سوالات کا جواب بھی دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہاکہ پاکستان نے جنگ کے دوران بھارت کے 7 طیارے تباہ کیے اور یہ خدشہ پیدا ہوگیا تھا کہ کہیں جوہری تصادم شروع نہ ہوجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نازک وقت پر میں نے مداخلت کی اور دونوں ممالک کو خبردار کیا کہ اگر وہ لڑائی جاری رکھتے ہیں تو امریکا ان سے تجارتی تعلقات قائم نہیں رکھے گا۔ ٹرمپ کے مطابق اسی سخت مؤقف کے نتیجے میں جنگ کو روکا گیا۔

صدر ٹرمپ نے فخریہ انداز میں کہا کہ اب تک انہوں نے دنیا کے مختلف خطوں میں سات بڑی جنگیں ختم کروائیں جن میں پاک بھارت جنگ بھی شامل ہے۔

غزہ کی صورتحال پر اظہارِ تشویش

غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی بمباری کے باعث 5 صحافیوں کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہاکہ انہیں اس واقعے کے بارے میں تفصیلات معلوم نہیں، تاہم اب وقت آگیا ہے کہ غزہ میں لڑائی بند کی جائے۔

مزید پڑھیں: چین نے مقناطیس فراہم نہ کیے تو 200 فیصد ٹیرف عائد کروں گا، ٹرمپ کی دھمکی

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس صورتحال پر مطمئن نہیں ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایسے دل خراش مناظر دوبارہ نہ دیکھنے کو ملیں۔ صدر ٹرمپ نے زور دیا کہ خطہ امن کی طرف بڑھنا چاہیے۔

صدر ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے بھی اپنی پالیسیوں کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ فوجی کارروائیوں میں امریکا نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا اور یہ اقدامات ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنے میں مؤثر ثابت ہوئے۔

مزید خبریں