اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
ان کا طیارہ لاہور لینڈ ہوا، سابق وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا، ایرانی صدر نے شاندار استقبال پر نوازشریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج ہی لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوں گے۔
ایرانی صد ر کے ہمراہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے۔ اپنے قیام کے دوران مسعود پزشکیان صدر آصف زرداری سے ملاقات بھی کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدرمسعود پزشکیان کے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایران کے صدر کا دورہ پاکستان ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا باعث بنے گا۔
مزید پڑھیں: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کل سے دو روزہ دورۂ پاکستان پر پہنچیں گے
مسعود پزشکیان گزشتہ دو برسوں میں پاکستان کا دورہ کرنے والے دوسرے ایرانی صدر ہیں، اپریل 2024 میں سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا تھا۔