اتوار,  13 جولائی 2025ء
کابل ٹائمز میں نئی صحافتی اننگ کا آغاز – معروف تجزیہ نگار کا ہفتہ وار کالم ہر پیر کو شائع ہوگا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  افغانستان کے سب سے بڑے اور واحد انگلش زبان کے اخبار کابل ٹائمز میں ایک نئی صحافتی اننگ کا آغاز ہوا ہے۔ معروف تجزیہ نگار اور سینئر صحافی سید عون شیرازی نے اب اس باوقار اخبار کے لیے باقاعدہ طور پر ہفتہ وار کالم لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ہر پیر کے روز شائع ہوا کرے گا۔

کابل ٹائمز نہ صرف افغانستان بلکہ دنیا بھر میں افغانستان سے متعلق معتبر ترین ذرائع میں شمار ہوتا ہے۔ سفارتی، سیاسی اور مالیاتی ادارے اسے افغانستان کی بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھنے کے لیے ایک اہم ذریعہ سمجھتے ہیں۔

کالم نگار نے بتایا کہ وہ طویل عرصے سے کابل ٹائمز کے قاری رہے ہیں اور اخبار کے چیف ایڈیٹر نیک محمد نکمل سے ان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔ نیک محمد نکمل ایک کہنہ مشق صحافی اور اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل مدیر ہیں۔ حالیہ تفصیلی ملاقات میں یہ طے پایا کہ اب وہ کابل ٹائمز کے لیے باقاعدگی سے لکھا کریں گے۔

کالم نگار کا کہنا ہے کہ یہ ان کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، کیونکہ مغربی دنیا اور بھارت میں اس اخبار کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ ان کے مطابق، اس پلیٹ فارم کے ذریعے نہ صرف وہ اپنی رائے اور تجزیہ ایک وسیع ریڈرشپ تک پہنچا سکیں گے، بلکہ پاکستان کے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ بھی کریں گے۔ ساتھ ہی وہ پاکستان کے عالمی کردار، خصوصاً افغان عوام کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی اجاگر کریں گے۔

مزید پڑھیں: اگلے 3 سے 4 دن کے دوران مون سون بارشوں اورممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری

انہوں نے کہا کہ ان کا کالم پروپیگنڈے کو بے نقاب کرے گا، پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو فروغ دے گا، اور دونوں ممالک کے صحافتی روابط کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

یہ نئی پیش رفت نہ صرف دو طرفہ تعلقات بلکہ خطے میں صحافت کے کردار کو بھی مزید تقویت دینے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

مزید خبریں