تہران(روشن پاکستان نیوز) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران جوہری پروگرام کو آگے بڑھائے گا، ایران ایک سال میں ایک سے زائد نیوکلیئر بم بناسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں ایران کا انتہائی افزودہ یورینیم کہاں دفن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جو امریکا اور اسرائیل نے ایک بار کیا وہ دو تین بار بھی کرسکتے ہیں۔
نیتن یاہو نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی معاہدے کے قریب ہونے کا امکان بھی ظاہر کردیا۔
ایک غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نے بدھ کے روز کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایران آپریشن رائزنگ لائن کے بعد اپنا جوہری پروگرام جاری نہیں رکھے گا، لیکن انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل اور امریکا کو ایران کے معاملے پر مسلسل نگرانی جاری رکھنی ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کی طاقت، اسرائیل کی طاقت اور امریکا و اسرائیل کی مشترکہ طاقت سے خوفزدہ ہے، اس کا اثر صرف مشرق وسطیٰ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا پر پڑا ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کے دوبارہ حملے کا خدشہ ، ایرانی فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا