لندن(روشن پاکستان نیوز) برطانیہ میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والوں کے خلاف حکومت نے سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ہوم سیکرٹری یویٹ کوپر نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں ایسے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے جو بغیر قانونی اجازت کے مختلف شعبوں—خصوصاً ٹیکسی، ڈیلیوری اور دیگر سروسز—میں ملازمت کر رہے ہیں۔
یویٹ کوپر کا کہنا تھا کہ “غیر قانونی کام مقامی کاروباروں کو نقصان پہنچاتا ہے اور مقامی افراد کی ملازمتوں پر منفی اثر ڈالتا ہے۔” حکام کے مطابق، اس کریک ڈاؤن کا مقصد ایسے پناہ گزینوں اور دیگر غیر قانونی افراد کی نشاندہی کرنا ہے جو برطانیہ میں رہائش یا کام کی اجازت کے بغیر ملازمت کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:لندن گیٹ وے پورٹ پر 2.4 ٹن کوکین برآمد، قیمت 96 ملین پاؤنڈ، برطانیہ کی تاریخ کی چھٹی بڑی منشیات ضبطی
ہوم آفس کی خصوصی ٹیمیں ملک بھر میں چھاپے ماریں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ہوم آفس کے ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آپریشن کے دوران کاروباری علاقوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تمام ملازمین قانونی حیثیت کے حامل ہوں۔