اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) ثقافتی قونصلیٹ اسلامی جمہوریہ ایران، اسلام آباد نے اپنے ایک حالیہ بیان میں امریکہ کے خلاف ایران کی جوابی فوجی کارروائی کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایران کا جائز اور قانونی حق قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ شب اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے آرٹیکل 51 کے تحت اپنی سرزمین کے دفاع میں قطر کے شہر العدیدہ میں موجود امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ ایران کی ارضی سالمیت پر کی جانے والی جارحیت کے ردعمل میں کیا گیا اور یہ واضح پیغام ہے کہ ایران نہ کسی کی طاقت سے خوفزدہ ہوتا ہے اور نہ ہی اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ کرتا ہے۔ قونصلیٹ نے مزید کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ مختلف ممالک پر جارحانہ حملے کیے ہیں، لیکن تاریخ میں پہلی بار کسی ملک نے اپنے دفاع میں براہِ راست امریکہ پر جوابی کارروائی کی ہے، اور یہ اعزاز ایران کو حاصل ہوا ہے، جو کہ اپنی عسکری طاقت اور اللہ تعالیٰ پر بھروسے سے حاصل کیا گیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلیٰ حکام کے حوالے سے کہا گیا کہ یہ حملہ قطر کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے کے خلاف تھا۔ ایران قطر سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے۔
قونصلیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ غیر ملکی افواج جلد از جلد مشرق وسطیٰ سے اپنا بوریا بستر لپیٹیں گی اور اپنی مداخلت سے خطے کے ممالک اور اقوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید نقصان نہیں پہنچائیں گی۔